Sep 30, 2021 02:20 pm
views : 268
Location : Domestic Place
Islamabad- Progress will again be visible on CPEC related projects as well as bringing down the inflation, says PM
اسلام آباد، ملک میں مہنگائی کی لہر عارضی ہے، جلد کمی آئے گی، وزیراعظم کہتے ہیں دولت آئے گی تو ہم ملکی قرضے اتار سکیں گے، مقروض گھر اپنی آمدنی بڑھا کر ہی قرضے اتارتا ہے
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی کی لہر عارضی ہے اور پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) پر کام کی رفتار تیز ہونے سے اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں جلد کمی ہوگی۔
وزیراعظم عمران خان نے سندھ کے شہر مٹیاری سے لاہور تک 886 کلومیٹر طویل 600 کے وی کی بجلی کی نئی ٹرانسمیشن لائن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس میں لائن لاسز تقریبا 4 فیصد ہیں، جب کہ اس سے پہلے لائن لاسز 17 فیصد تھے، ایک فیصد لائن لاسز سے ملک کو کئی ارب روپے کا نقصان ہوتا ہے۔
عمران خان نے بتایا کہ ہماری بجلی کی ترسیلی لائنز بہت پرانی ہوچکی ہیں، جس کی وجہ سے لائن لاسز زیادہ ہیں، خاص طور پر پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) کے لائن لاسز بہت زیادہ ہیں، جس کی وجہ سے ہم بجلی ہوتے ہوئے بھی صارفین تک نہیں پہنچا سکتے، جس کے نتیجے میں عوام کو تکلیف ہوتی ہے، پرانی لائنوں پر سرمایہ کاری نہ ہونے کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ ہوتی ہے، مٹیاری تا لاہور اسٹیٹ آف دا آرٹ جدید ترین ٹرانسمیشن لائن بچھائی ہے اور ابھی باقی لائنز پر بھی سرمایہ کاری کریں گے۔