اسلام آباد، حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں چار روپے فی لیٹر اضافہ کردیا، قیمت میں اضافے کے بعد پیٹرول کی قیمت ایک سو تئیس روپے تیس پیسے سے بڑھ کر ایک سو ستائیس روپے تیس پیسے فی لیٹر کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ قیمت میں اضافے کے بعد پیٹرول کی قیمت 123 روپے 30 پیسے سے بڑھ کر 127روپے 30 پیسے فی لیٹر کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے۔قیمتوں میں اضافے کے بعد ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 120 روپے 4 پیسے سے بڑھ کر 122 روپے 4 پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت 92 روپے 26 پیسےسے بڑھ کر 99 روپے31 پیسے جب کہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 90 روپے 69 پیسے فی لیٹر سے بڑھ کر 99 روپے 51 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
دوسری طرف وزیر خزانہ شوکت ترین نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ کہ عالمی قیمتوں میں اضافے کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، لیکن پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں خطے میں ابھی بھی کم ہیں۔لیوی میں کمی سے عوام کو ریلیف فراہم کیا گیا اور حکومت کو دو ارب روپے ک اضافی بوجھ برداشت کرنا پڑا۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن اراکین نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر احتجاج کرتے ہوئے اجلاس کا بائیکاٹ کردیا۔ خواتین ارکان نے اپنی نشستوں پر کھڑے ہو کر نعرے بازی کی جس کے بعد اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ کر لیا۔ خواتین ارکان نے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے گلی گلی میں شور ہے ،عمران خان چور ہے کے نعرے لگائے۔ڈپٹی اسپیکر نے اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیا۔