Oct 02, 2021 03:20 pm
views : 292
Location : Domestic Place
Karachi- Umer Sharif passes away in Germany after prolonged illness
کراچی، ظرافت کا ایک اور باب ختم، ہنسانے والا رنجیدہ کرگیا، لیجنڈ اداکارعمر شریف طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے، عمر شریف چند روز قبل علاج کیلئے امریکا روانہ ہوئے تھے
مشہور و معروف لیجنڈری کامیڈین عمر شریف طویل علالت کے بعد جرمنی میں انتقال کرگئے، چند روز قبل عمر شریف علاج کے لیے ایئر ایمبولینس کے ذریعے کراچی سے براستہ جرمنی امریکا کے لئے روانہ ہوئے تھے تاہم راستے میں طبیعت خراب ہونے پر اداکار کو جرمنی کے اسپتال میں منتقل کردیا گیا تھا۔ خاندانی ذرائع نے عمر شریف کے جرمنی کے اسپتال میں انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ عمر شریف کا آج صبح جرمنی کے اسپتال میں ڈائیلاسز ہوا تھا۔
عمرشریف کو ایئرایمبولینس کے ذریعے جارج واشنگٹن اسپتال منتقل کیا جانا تھا جہاں ان کے دل کے والو کا ایک بالکل نئی تکنیک ’مائٹرل والو کلپنگ‘ کے ذریعے علاج کیا جانا تھا، اس ٹیکنالوجی کی بدولت اوپن ہارٹ سرجری کے بغیر ہی والو کا علاج کیا جاتا ہے۔
خیال رہے کہ عمر شریف کے نام سے مشہور پاکستان کے معروف اداکار، کامیڈین، ہدایت کار، پروڈیوسر اور ٹیلی ویژن شخصیت کا اصل نام محمد عمر ہے، وہ 19 اپریل 1955 کو لیاقت آباد میں پیدا ہوئے تھے۔ عمر شریف کا شمار نہ صرف پاکستان کے بلکہ برصغیر کے نامور کامیڈینز میں ہوتا ہے۔ ان کا مشہور اسٹیج ڈراما بکرا قسطوں پرپاکستان اور بھارت کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں بے حد مقبول ہوا تھا۔