رحمت اللعالمین ﷺ اتھارٹی کے قیام کا آرڈیننس جاری
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے رحمت اللعالمین ﷺ اتھارٹی کے قیام کا آرڈیننس جاری کردیا ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے رحمت اللعالمین ﷺ اتھارٹی کے قیام کا آرڈیننس جاری کردیا ہے، جس کے تحت وزیراعظم رحمت اللعالمین ﷺ اتھارٹی کے پیٹرن ان چیف ہوں گے۔
آرڈیننس کے مطابق رحمت اللعالمین ﷺ اتھارٹی چیئرمین اور 6 ممبران پر مشتمل ہوگی، اتھارٹی کے چیئرمین کا تقرر وزیراعظم کریں گے، اتھارٹی انصاف اور فلاحی ریاست کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کیلئے اقدامات کرے گی، اتھارٹی نوجوانوں کی کردار سازی کے لئے سیرت نبوی ﷺ اور احادیث پر تحقیق کرے گی۔ اس کے علاوہ اتھارٹی سیرت نبوی ﷺ کو نصاب کا حصہ بنانے کے لئے متعلقہ ماہرین سے بھی مشاورت کرے گی۔
قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر حضرت علی ؑ کا قول شیئر کیا۔
ٹویٹر پر حضرت علی ؑ کا قول شیئر کرتے ہوئے وزیراعظم نے لکھا کہ دنیا میں اس طرح کام کرو گویا تم نے ہمیشہ یہیں رہنا ہے اور آخرت کیلئے کام اس طرح کرو گویا کل تمہارا آخری دن ہے۔
ٹویٹر پر وزیراعظم نے مزید لکھا کہ تقریباً 15 سو سال قبل نبی کریم ﷺ نے تاکید کی تھی کہ اس زمین پر ہمیں تمام اقدامات کو مستقبل کی نسل پر اثرات کو مد نظر رکھ کر انجام دینے چاہئیں۔
عمران خان نے لکھا کہ صاحبِ بصیرت حضرت علیؑ نے بھی یہی کچھ فرمایا تھا۔ ہم مسلمانوں کو اپنی آئندہ نسل کی خاطر ماحولیات کے تحفظ کے لئے قائدانہ کردار ادا کرنا چاہیے۔