وزیرِ اعظم عمران خان نے کسان پورٹل کا افتتاح کر دیا
وزیرِ اعظم عمران خان نے سٹیزن پورٹل کے تحت کاشت کاروں کے لیے کسان پورٹل کا افتتاح کر دیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ محنت کش طبقہ پورا سال محنت کرتا ہے، محنت کش طبقے کی مدد سے اللّٰہ تعالیٰ خوش ہوتے ہیں، اللّٰہ تعالیٰ کمزور اور محنت کش طبقے کی دعا خاص طور پر سنتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چھوٹے کسان کی مدد ہمارا وژن ہے، ہم نے انصاف کے لیے آواز اٹھائی، ہمارے ملک میں اکثریت چھوٹے کسانوں کی ہے، کسانوں اور مزدوروں کو اوپر لانا ہماری حکومت کا عزم ہے، کسان کو خوش حال کرنے سے ملک خوش حال ہوتا ہے، چھوٹے کسان کی مسلسل مدد کرنا میرا عزم ہے۔
وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ 50 سال کے بعد ملک میں اب بڑے ڈیمز بن رہے ہیں، جن کی وجہ سے بہت جلد ملک میں پانی کا اضافہ ہو گا، کوہِ سلیمان سے آنے والا پانی کا ریلہ زیادہ تباہی مچاتا ہے، سیلابی ریلے روک کر پانی استعمال میں لا سکتے ہیں، دریاؤں میں پانی برسات اور گلیشیئر پگھلنے سے آتا ہے، پانی اسٹور کریں گے تو کسان کو پانی دے سکیں گے۔
عمران خان کا کہنا ہے کہ کسان شوگر ملوں کے باہر لائن میں کھڑے رہتے تھے، کسانوں کو گنے کی کم قیمت ملتی تھی، میں نے سوچا تھا کہ جب میری باری آئے گی تو کسان کو پورا پیسہ دلاؤں گا، ہم نے ریسرچ پر کم پیسہ خرچ کیا، ریسرچ ختم ہو گئی۔
انہوں نے کہا کہ کسان کارڈ سے چھوٹے کسانوں کے پاس براہِ راست پیسہ آئے گا، کاشت کاری کے لیے ہمارے پاس وافر زمین موجود ہے، ایک بیماری آتی ہے، پورا خاندان مقروض ہو جاتا ہے، اب ہر خاندان ہیلتھ کارڈ پر 10 لاکھ روپے تک علاج کرا سکتا ہے۔
وزیرِ اعظم عمران خان کا یہ بھی کہنا ہےکہ پورٹل کے ذریعے یقینی بنائیں گے کہ کسانوں پر ظلم نہ ہو، کسان اس حکومت کو اپنا سمجھیں، میرا ایمان ہے کہ جب ہم کسانوں کی مدد کریں گے تو پاکستان کی مدد کریں گے۔