میر عبدالقدوس بزنجو بلامقابلہ نئے وزیراعلی بلوچستان منتخب
میر عبدالقدوس بزنجو بلامقابلہ نئے وزیراعلی بلوچستان منتخب ہوگئے۔
قائد ایوان کے انتخاب کے لئے بلوچستان اسمبلی کا اجلاس ہوا۔ قائم مقام اسپیکر بابر موسیٰ خیل نے بتایا کہ میر عبدالقدوس بزنجو کے حق میں 39 ووٹ کاسٹ ہوئے۔ اپوزیشن بنچز سے کسی رکن نے قائد ایوان کے انتخاب میں ووٹ رجسٹر نہیں کروائے اور رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔
میرعبدالقدوس بزنجو اجلاس میں بلامقابلہ نئے وزیراعلی بلوچستان منتخب ہوگئے، کیونکہ قائد ایوان کے لئے قدوس بزنجو کے علاوہ کسی بھی امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے تھے۔ قدوس بزنجو نے بلوچستان اسمبلی میں قائد ایوان کی نشست سنبھال لی۔
قدوس بزنجو بحیثیت وزیراعلی اپنے عہدے کا حلف بھی اٹھالیا۔ گورنر ہاؤس میں تقریب حلف برداری شام پانچ بجے منعقد کی جائے گی جس میں گورنر بلوچستان سید ظہور آغا عبدالقدوس بزنجو سے حلف لیں گے۔
واضح رہے کہ 25اکتوبر کو میر عبدالقدوس بزنجو نے اسپیکر اسمبلی کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا جبکہ اس سے ایک روز قبل جام کمال وزیراعلیٰ بلوچستان کے عہدے سے مستعفی ہوئے تھے۔
جام کمال کی جانب سے عہدہ نہ چھوڑنے پر ناراض اراکین نے اپوزیشن کے ساتھ مل کر تحریک عدم اعتماد جمع کروائی تھی جوکہ وزیراعلیٰ بلوچستان کے مستعفی ہونے کے بعد واپس لے لی گئی تھی۔
صوبائی اسمبلی کے اسپیکر کے لیے میر جان جمالی کا نام فائنل کیا گیا ہے۔