عوام کو مہنگائی سے بچانے کی پوری کوشش کر رہے ہیں،عمران خان کا کہنا ہے پانچ سال بعد فیصلہ ہوگا
وزیراعظم
عمران خان نے اٹک میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زچہ و بچہ
اسپتالوں کی دور افتادہ علاقوں میں بہت ضرورت ہے، وزیراعلیٰ پنجاب، وزیر
صحت کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، حکومت اگر علاج کی سہولت نہ دے سکے تو یہ
شرمناک ہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ بنگلادیش بھی ہم سے آگے نکل گیا، 2
خاندانوں کی وجہ سے ہمارا ملک بنگلادیش سے بھی پیچھے چلا گیا، 2 خاندانوں
نے ملک کو معاشی طور پر بے حد کمزور کر دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ عثمان
بزدار تنقید کرنیوالوں کو بتائیں ہم 3 سال نہیں، 5 سال کا مینڈیٹ لے کر
آئے، عوام 5 سال بعد ہماری کارکردگی دیکھیں، پہلی بار ہماری حکومت طویل
المدتی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں چلنے والی 3
شوگر ملز کو بند کر دیا گیاجسکی وجہ سے قیمتیں بڑھ گئیں، پتا چلا جولائی سے
شوگر ملز نے اسٹے آرڈر لیا ہوا ہے، کسی بھی مہذب معاشرے میں ذخیرہ اندوزی
کی اجازت نہیں ہے۔قبل ازیں وزیر اعظم سے ضلع اٹک کی پی ٹی آئی قیادت نے
ملاقات کی۔ وزیر اعلی پنجاب عثمان بزداد، صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد،
ممبر قومی اسمبلی میجر (ر) طاہر صادق، اراکین پنجاب اسمبلی سید یاور بخاری،
ملک محمد انور، ملک جمشید الطاف اور پی ٹی آئی اٹک کی پارٹی قیادت بھی
ملاقات میں شریک تھی۔وزیر اعظم نے ملاقات کے دوران گفتگو میں کہا کہ ہماری
حکومت جب آئی تو اس وقت مجموعی معاشی خسارہ 20 ارب ڈالر تھا، جس کی وجہ سے
معاشی صورتحال مشکل تھی، چونکہ ہمارا انحصار دارمدات پر ہے، اس لیے جب باہر
قیمتیں بڑھتی ہی تو یہاں بھی قیمتیں بڑھتی ہیں۔عمران خان کا کہنا تھا کہ
پھر کورونا وباء نے پوری دنیا کو لپیٹ میں لے لیا، پوری دنیا کی معیشت
خسارے میں چلی گئی اور بین الاقوامی سطح پر بحران آیا، تاہم ہماری کامیاب
پالیسیوں کی بدولت کورونا وباء کا مقابلہ کیا اور اس چیلینج سے نمٹنے میں
کامیاب رہے، بین الاقوامی سطح پر ہماری کامیاب پالیسیوں کی پذیرائی کی گئی۔