پاکستان میں کورونا کیسز کی شرح ایک فیصد سے کم پر برقرار، دس اموات ریکارڈ
پاکستان میں کورونا کیسز کی شرح ایک فیصد سے کم پر برقرار ہے ، ایک دن میں مزید 10 اموات ہوئیں اور 270 کیسز سامنے آئے۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ملک میں کورونا وبا کی صورتحال کے تازہ اعدادو شمار جاری کردیئے ہیں ، جس میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں 24 گھنٹے میں کورونا کے مزید 10 مریض انتقال کرگئے ، جس کے بعد کورونا وائرس سے مجموعی اموات کی تعداد 28ہزار628 ہوگئیں۔
این سی اوسی کا کہنا تھا کہ ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران 32 ہزار6 کورونا ٹیسٹ کیے گئے، جس میں سے 270 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی، اس دوران کورونا ٹیسٹ مثبت نکلنے کی شرح 0.82 فیصد رہی۔
نیشنل کمانڈاینڈ آپریشن سینٹر نے بتایا کہ ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ ایک ہزار 85 زیرعلاج مریضوں کی حالت تشویشناک ہیں جبکہ ملک بھر میں کورونا سے متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد 12 لاکھ 80 ہزار 362 تک پہنچ گئی ہے۔