پاک بھارت ورلڈ کپ مقابلہ ٹی20 کا سب سے زیادہ دیکھے جانے والا میچ قرار
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) نے کہا ہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کو ٹیلی ویژن پر 16کروڑ 70 لاکھ سے زائد شائقین نے دیکھا جس کے ساتھ ہی یہ اس فارمیٹ میں سب سے زیادہ دیکھا جانے والا میچ بن گیا ہے۔
پاکستان نے اس میچ میں تاریخ رقم کرتے ہوئے پہلی مرتبہ ورلڈ کپ مقابلوں میں بھارت کو شکست دینے کا اعزاز حاصل کیا تھا اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد گرین شرٹس نے روایتی حریف کو 10 وکٹوں سے فتح حاصل کی تھی۔
اس میچ سے پہلے ٹی20 میں سب سے زیادہ دیکھے جانے والا میچ 2016 کے ٹی20 ورلڈ کپ میں بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلا گیا سیمی فائنل میچ تھا۔
آئی سی سی کے مطابق اسٹار انڈیا نیٹ ورک پر پاک بھارت میچ ریکارڈ 15.9 ارب منٹ تک بھارت میں ناظرین نے دیکھا اور برطانیہ کے چینل اسکائی یو کے پر میچ دیکھنے والوں کی تعداد میں 60 فیصد اضافہ ہوا، برطانیہ میں مجموعی طور پر ناظرین کی تعداد میں 7فیصد اضافہ ہوا۔
پورے ٹی20 ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کی نشریات تقریباً 10ہزار گھنٹوں کی لائیو کوریج پر محیط تھی جو اس سے قبل کبھی ریکارڈ نہیں کی گئی، اس دوران 200 ممالک میں ٹیلی ویژن اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر میچ دکھایا گیا۔