توقع ہے الیکشن کمیشن پی پی اور ن لیگ کی بھی پی ٹی آئی جیسی اسکروٹنی کرے گا،وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ میں الیکشن کمیشن کی جانب سے سمندرپار پاکستانیوں کی پی ٹی آئی کو کی گئی فنڈنگ کی جانچ پڑتال کا خیرمقدم کرتا ہوں، ہمارے اکاؤنٹس کی جتنی زیادہ جانچ پڑتال کی جائے گی، قوم کے لیے اتنی ہی حقائق کی وضاحت سامنے آئے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پی ٹی آئی واحد سیاسی جماعت ہے جس کی بنیاد مناسب سیاسی فنڈ ریزنگ پر مبنی ہے، میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی فنڈنگ پر الیکشن کمیشن کی اسی طرح کی جانچ پڑتال کا منتظر ہوں، جس کے نتیجے میں قوم کو سیاسی فنڈ ریزنگ اور سرمایہ داروں کے مفادات اور احسانات کے بدلے پیسے کی بھتہ خوری کے درمیان فرق دیکھنے کو ملے گا۔
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ سچائی لوگوں کو بے نقاب کرنے کا بہترین طریقہ ہے، الیکشن کمیشن اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ عمران خان پر ایک سنگین فرد جرم ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ اب پتہ چلا کہ پی ٹی آئی گزشتہ 7 سال سے غیر ملکی فنڈنگ کیس سے کیوں بھاگ رہی تھی، صادق اور امین کا رچایا گیا ڈھونگ اب بے نقاب ہوچکا ہے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کے حوالے سے اسکروٹنی رپورٹ کے اجراء پراپنے بیان میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی رپورٹ کے بعد عمران خان کا کرپشن سے آلودہ بھیانک چہرہ سامنے آیا ہے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ تحقیق کے بعد ثابت ہو گیا کہ پی ٹی آئی کے اساسی رکن اکبر ایس بابر کے الزامات درست تھے، وقت نے ہمارے موقف کو درست ثابت کر دیا کہ عمران خان عالمی طاقتوں کا مہرہ ہے، عمران خان سے ملکی سلامتی اور مسلم قوم کے مفادات سے کوئی سروکار نہیں، ان کا ساڑھے تین سالہ دور اس قوم کے مستقبل پہ تباہ کن اثرات ڈال گیا، اب ملکی اداروں کو بھی قومی سلامتی کو درپیش خطرات کے بارے میں سنجیدگی سے سوچنا چاہئے۔