پاک بحریہ کا بارش وسیلاب سے متاثرہ بلوچستان کے علاقوں میں ریلیف آپریشن جاری
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے بلوچستان میں بارشوں سےنقصانات کی رپورٹ طلب کرلی ، رپورٹ وزیراعلیٰ بلوچستان سے طلب کی گئی ہے۔
وزیر اعظم نے نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی کو متاثرین کو امداد پہنچانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرین کی ہرممکن مدد کی جائے۔
خیال رہے بلوچستان میں بارش اور برفباری سے مواصلاتی نظام درہم برہم ہوگیا ہے اور کئی اضلاع میں سیلابی صورتحال سے نظام زندگی مفلوج ہے۔
بلوچستان میں شدید بارشوں اور برف باری کے باعث پیدا ہونے والی صورت حال پر پاک فوج اور نیوی بھی ضلعی انتظامیہ کی مدد میں پیش پیش ہے۔
متاثرہ علاقوں میں پاک فوج اور نیوی کا ریلیف آپریشن جاری ہے، جس میں خوراک، پینے کا پانی اوردیگرضروریات زندگی کا سامان فراہم کیا جارہا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کل سے ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں سردی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ کراچی سے رخصت ہو گیا ہے، تاہم مشرقی سندھ پر اس کے اثرات آج دوپہر تک رہنے کا امکان ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا ہے کہ ملک کے بالائی علاقوں کے 9 جنوری تک مغربی سلسلے کے زیرِ اثر رہنے کا امکان ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ شہرِ قائد کراچی کے کل سے 16 جنوری تک سردی کی لہر کی لپیٹ میں رہنے کا امکان ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے یہ بھی کہا کہ 16 جنوری کے بعد مغربی ہواؤں کا ایک اور سلسلہ ایران کے راستے بلوچستان میں داخل ہونے کا بھی امکان ہے۔