لاہور میں انارکلی بازار میں
بم دھماکا، تین افراد جاں بحق ،متعدد زخمی ، وزیر اعظم نے پنجاب حکومت سے
واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ، بم موٹڑسائیکل میں نصب کیا گیا تھا
لاہور کے مشہور انارکلی بازار میں بم دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 22 افراد زخمی ہوگئے جن میں سے 5 کی حالت تشویشناک بتائی گئی۔
وزیر اعظم عمران خان نے لاہور دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کی فراہمی کی ہدایت کی اور پنجاب حکومت سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔
لاہور پولیس کے بیان میں ابتدائی طور پر دھماکے کی نوعیت سلنڈر دھماکا بتائی گئی تاہم بعد میں لاہور پولیس کے ترجمان رانا عارف نے تصدیق کی کہ بم ایک موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔
دھماکے کے نتیجے میں آس پاس کی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ موٹر سائیکلز میں آگ لگ گئی۔
دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے دو افراد کی شناخت ہو گئی جن میں 30 سالہ عدنان اور 40 سالہ جمیل شامل ہیں۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے جائے وقوع پر پہنچ کر زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی اور انہیں قریبی واقع میو ہسپتال منتقل کیا۔
میو ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) نے ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرنے کے احکامات جاری کیے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی دیں۔
ڈی آئی جی آپریشز ڈاکٹر عابد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکے کی جگہ پر ڈیڑھ فٹ کا گڑھا پڑ گیا جبکہ دھماکے کی نوعیت کا جائزہ لینے کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا گیا جو شواہد اکٹھے کر رہا ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے انارکلی بازار میں دھماکے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔