Jul 15, 2022 04:20 pm
views : 250
Location : domestic place
Karachi- Riot in Sohrab Goth, Looting of passengers, one person killed, Sindh government in Action
کراچی، سہراب گوٹھ میں ہنگامہ آرائی، مسافروں سے لوٹ مار، ایک شخص جاں بحق، شرجیل میمن کہتے ہیں واقعہ کا لسانیت سے کوئی تعلق نہیں، سعید غنی بولے کچھ طاقتوں نے واقعے کو فساد بنانا چاہا
حیدر آباد میں بلال نامی نوجوان کی ہلاکت اور پختونوں پر ہونے والے حملوں کے بعد سپرہائی وے سہراب گوٹھ چار گھنٹے تک میدان جنگ بنا رہا، نامعلوم شرپسندوں نے سڑکوں پر ٹائر جلا کر رکاوٹیں کھڑی کیں اور متعدد گاڑیوں کو نذر آتش کیا۔
شرپسند عناصر ہنگامہ آرائی کے دوران ایک کوسٹر کو یرغمال بناکر اس میں سوار تمام افراد سے نقدی ، طلائی زیورات اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ہوگئے جب کہ براق پیٹرول پمپ کے قریب مزاحمت کرنے پر ایک شخص کو گولی مار کر قتل کردیا۔
اس دوران پولیس نے الاصف اسکوائر کا گھیراؤ کر کے ایک درجن سے زائد شرپسندوں کو حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کیا۔ بعد ازاں پولیس اور رینجرز نے مخصوص علاقوں میں کامبنگ آپریشن کیا اور درجنوں مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا۔
دوسری طرف وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ سہراب گوٹھ پر افسوسناک واقعہ پیش آیا۔سندھ میں امن وامان کی فضا برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔ واقعہ کا لسانیت سے کوئی تعلق نہین ہے، شفاف انکوائری سے حقائق عوام کے سامنے رکھیں گے۔ایف آئی اے کو کارروائی کی ہدایت کردی گئی ہے، سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد ڈالنے کی اجازت نہیں۔ لسانیت پر حکومت زیروٹالرینس پالیسی رکھتی ہے۔
اس موقع پر صوبائی سعید غنی کا کہنا تھا کہ صوبے نے لسانیت کی بہت بڑی قیمت ادا کی ہے تاہم صوبے میں لسانی فسادات کی سازش ناکام بناناہوگی۔
صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے بتایا کہ سہراب گوٹھ واقعہ کی سب نے مل کر مذمت کی ہے۔ واقعہ کے ذمہ داروں کو قانون میں گرفت میں لے لیا گیا ہے۔