Feb 20, 2017 10:30 pm
views : 912
Location : Idara Noor ul Haq
Karachi- Mili Yakjehti Council Press Conference
کراچی، تمام دینی ومذہبی رہنماؤں پر مشتمل آل پارٹیز کانفرنس منعقد کی جائے ، ملی یکجہتی کونسل سندھ
ملی یکجہتی کونسل سندھ کے صدر اسد اللہ بھٹو نے مطالبہ کیا ہے کہ تمام دینی
ومذہبی رہنماؤں پر مشتمل آل پارٹیز کانفرنس منعقد کی جائے اور تحفظ مزارات
کانفرنس منعقد کی جائے جس میں مزارات کے تحفظ کیلئے ایک حفاظتی منصوبہ
بنایا جائے۔
ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسد اللہ بھٹو نے علماء،
خطیبوں، تمام مزارات کے اکابرین سے درخواست کی کہ جمعہ کے دن وہ اپنے خطبوں
میں دہشت گردی کی مذمت کریں اور جمعہ کو یوم انسداد دہشت گردی کے طور پر
منائیں اور اس میں لعل شہباز قلندر کے مزار پر ہونے والے بم دھماکے کی شدید
مذمت کی جائے ۔ عوام کو بتایا جائے کہ اسلام او ردہشت گردی کا کوئی واسطہ
نہیں ہے۔
اسد اللہ بھٹو کا کہنا تھا کہ سندھ پیروں، فقیروں اور اولیائے کرام کی
سرزمین ہے۔ قدم قدم پر یہاں مسجدیں اور مزارات ہیں۔ یہاں بزرگان کے چھوڑے
ہوئے نقش قدم موجود ہیں۔ سندھ میں مذہبی رواداری اور مسلکی رواداری عروج پر
ہے۔ ایسے موقع پر اس طرح کے واقعات سندھ کے امن اور امت کو آپس میں لڑانے
کی خوفناک سازش ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس سے پہلے شاہ نورانی کے مزار پر حملہ ہوا تھا لیکن
حکومت نے اس واقعے سے کچھ نہیں سیکھا۔ پشاور میں واقعات ہوئے۔ لاہور میں
واقعات ہوئے اب سیہون شریف میں دھماکا ہوا ہے۔ موجودہ حکومت کے دہشت گردی
کے سلسلے میں اقدامات ناکافی ہیں۔ حکومت دہشت گردوں کو روکنے میں ناکام
ہوئی ہے۔ ہمیں حکومت کے بیانات کی ضرورت نہیں ان کے اقدامات کی ضرورت ہے جس
کے نتیجے میں دہشت گردی کا خاتمہ ہو۔