Feb 20, 2017 10:51 pm
views : 839
Location : National Press Club
Islamabad- Civil Society Protest
اسلام آباد، سول سوسائٹی کے زیر اہتمام حضرت لعل شہباز قلندر ؒ کے مزار پر بم دھماکے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ
قائدین سندھ فورم آرگنائزیشن اور سول سوسائٹی کے زیر اہتمام حضرت لعل شہباز
قلندر ؒ کے مزار پر بم دھماکے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
مظاہرین اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جبکہ مظاہرین کی جانب سے نعرے بازی بھی کی گئی۔
مظاہرے میں شریک سندھ فورم آرگنائزیشن کے رہنماء آغا شفیق احمد کا کہنا تھا
کہ دہشت گردوں نے لعل شہباز قلندر، بابا بلھے شاہ، سچل سرمست اور صوفی ازم
پر حملہ کیا ہے لیکن ہم آج بھی قلندر کے نظریئے کے ساتھ کھڑے ہیں۔ حکومت
پاکستان اور صوبائی حکومتیں اپنی ڈرائنگ روم سیاست کو چھوڑیں ورنہ عوام ان
کو نہیں چھوڑیں گے۔ وہ عوام کے ساتھ کھڑے ہیں تو مضبوط ہیں اور اگر وہ عوام
کے ساتھ نہیں ہیں تو وہ کمزور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا تدارک پاکستان کے ہر اس ادارے کی ذمہ داری ہے
جو ٹیکس سے اپنی تنخواہ لیتا ہے۔ ہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کے
اہلکاروں کی قربانیوں کا احترام کرتے ہیں لیکن ان کی کوتاہیوں کی نشاندہی
کرنا چاہتے ہیں۔ وہ عوام کے ملازم ہیں ان حکمرانوں کے نہیں ہیں۔
مظاہرے میں شریک سماجی کارکن فرزانہ باری کا کہنا تھا کہ ہم سانحہ سیہون
شریف اور لاہور، پشاور، فاٹا میں دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں۔ آج
ہماری یہاں موجودگی شہداء کے خاندان سے یکجہتی ہے اور دہشت گردوں کو پیغام
ہے کہ کسی بھی حوالے سے وہ ہمیں مرعوب نہیں کرسکتے۔ بیس کروڑ عوام دہشت
گردوں کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں اور بالکل خوفزدہ نہیں ہوں گے۔