پشاور، افغان مہاجرین کی رضاکارانہ واپسی کا عمل آئندہ ماہ سے شروع ہوگا ،سیکرٹری سیفران
سیکرٹری سیفران محمد شہزاد ارباب کا کہناہے کہ افغان مہاجرین کی رضاکارانہ
واپسی کا عمل آئندہ ماہ سے شروع ہوگا۔حکومت کی کوشش ہے کہ رواں سال زیادہ
سے زیادہ افغان مہاجرین اپنے وطن واپس لوٹ جائیں۔ پاکستان میں کاروبار کرنے
والے افراد کیلئے طویل المعیاد ویزہ پالیسی کااعلان جلد کیاجائے گا۔
پشاور میں گورنمنٹ پرائمری سکول تہکال بالا میں راہاپروگرام کے تحت اسکول
کی آبادکاری کی افتتاحی تقریب کے بعد میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری
وزارت سیفران محمد شہزاد ارباب کاکہنا ہے کہ گزشتہ سال تین لاکھ 80 ہزار
رجسٹرڈ مہاجرین سمیت چھ لاکھ افغان باشندے اپنے ملک واپس گئے تھے ،رواں سال
کوشش ہوگی کہ زیادہ سے زیادہ افغان باشندوں کو رخصت کیاجائے۔
سیکرٹری سیفران محمد شہزاد ارباب نے کہا کہ افغان تاجروں کیلئے طویل
المعیاد ویزوں کااجراجلد شروع کیاجائے گا جس کے تحت افغان تاجروں کو
کلیئرنس کے بعد ویزے جاری ہوسکیں گے جبکہ طلبااور پاکستانی شہریون سے شادی
کرنے والے افغان مہاجرین کے حوالے سے پالیسی جلد وضع کی جائے گی تاکہ عوام
میں پائی جانے والی بےچینی کاخاتمہ ہوسکے ۔
اس موقع پرسیکرٹری سیفران محمد شہزاد ارباب نے تہکال بالاگورنمنٹ پرائمری
سکول میں راہاپروگرام کے تحت تعمیرہونیوالی نئی عمارت کاافتتاح بھی کیا۔
پانچ اسکول کی اپ گریڈیشن پر مشتمل منصوبہ پرایک کروڑ 92لاکھ روپے خرچ کیے
جائیں گے۔