لاہور، پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام قومی کانفرنس کا انعقاد
پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام قومی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں
معروف سیاستدانوں اور مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام نے شرکت کی۔
قومی کانفرنس سے خطاب کے دوران سابق گورنر پنجاب اور پاکستان تحریک انصاف
کے رہنماء چودھری سرور کا کہنا تھا کہ افغانستان اور عراق پر حملہ ہوا اور
دوسرے ملکوں میں لڑائیاں جاری ہیں۔ اگر انصاف کو ملحوظ خاطر رکھا جاتا تو آج
دنیا خوشحال بھی ہوتی اور امن کا گہوارہ بھی ہوتی۔
اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری کے صاحبزادے ڈاکٹر
حسین معین الدین کا کہنا تھا کہ اس ملک کی خارجہ پالیسی کیا ہوگی جس ملک کا
وزیر خارجہ نہ ہو۔ آج ایسا وقت پاکستان پر آگیا ہے جیسا کبھی نہ تھا کہ
چار ہمسائیہ ممالک میں سے تین ممالک ایسے ہیں جن کے ساتھ تعلقات کشیدہ رہتے
ہیں ۔وہ ممالک جو کبھی پاکستان کے دوست ہونے کے ناطے تحفظ کی ضمانت دیتے
تھے آج انہی سے سب سے زیادہ پورے ملک کو خوف محسوس ہورہا ہے اور یہ سب ملکی
اور حکومتی سطح پر کی جانے والی سفارتکاری کی ناکامی ہے۔