اسلام آباد، تحریک انصاف نے اداروں پر طنز اور سیاست میں اچھل کود کے علاوہ کچھ نہیں کیا، طارق فضل چودھری
وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ اداروں پر طنز اور سیاست میں
اچھل کود کے علاوہ پاکستان تحریک انصاف نے عملی طو رپر نہ اداروں کی نہ
اپنے صوبے کی اور نہ ملک وقوم کی خدمت کی ہے۔ تحریک انصاف بہترین قائد حزب
اختلاف کا کردار ہی ادا کردیتی تو شاید بہت بڑی مثال ہوتی لیکن بطور حزب
اختلاف پارلیمنٹ کی تضحیک کی گئی۔ ریاستی اداروں ریڈیو پاکستان، پی ٹی وی
اور وزیر اعظم ہاؤس پر چڑھائی کی۔
پی آئی ڈی اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے طارق فضل چودھری
کا مزید کہنا تھا کہ اٹارنی جنرل آف پاکستان عمران خان کے عتاب سے بچے ہوئے
تھے لیکن آج وہ بھی ان کے نرغے میں آگئے۔ اٹارنی جنرل کو حکومت نے نہیں
بھیجا تھا وہ ریاست کے نمائندے ہیں۔ سپریم کورٹ کے بینچ کی دعوت پر اٹارنی
جنرل عدالت آئے۔ وہ وزیر اعظم کا مقدمہ لڑنے نہیں آئے تھے لیکن اس کے
باوجود ان کے بارے میں تقریباً وہی الفاظ ادا کئے گئے جنہیں بیان کرتے
ہوئے بھی ہمیں شرم محسوس ہوتی ہے۔