اسلام آباد، عمران خان اداروں کا گھیراؤ کرکے اور جھوٹ بول کر اپنی مرضی کا فیصلہ لینے کے عادی ہیں، خواجہ سعد رفیق
وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ عدالتی فیصلوں پر تحفظات
اور اعتراضات بھی ہوتے ہیں لیکن ان فیصلوں کے آگے سر جھکانا اور ان پر من و
عن عمل کرنا چاہیے تاکہ ملک آگے بڑھتا رہے۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد
رفیق کا کہنا تھا کہ ہم پہلے دن سے چاہتے تھے پاناما کا مقدمہ عدالت میں ہی
لڑا جائے نہ کہ شاہراہ دستور پر لیکن پاناما کیس عدالت سے زیادہ سڑکوں پر
لڑا گیا، یہ ایک سیاسی مقدمہ تھا قانونی نہیں تاہم عدالت کو درخواست گزار
کی جانب سے مسلسل دباؤ میں لانے کی کوشش کی گئی اور عمران خان اداروں کا
گھیراؤ کرکے اور جھوٹ بول کر اپنی مرضی کا فیصلہ لینے کے عادی ہیں۔
وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا مزید کہنا ہے کہ نواز شریف اور شہباز
شریف کے ساتھ رفاقت برسوں کا عمل ہے، شہادت دیتا ہوں وزیر اعظم نواز شریف
اور شہباز شریف نے کبھی کوئی ایساکام نہیں کیا جو قانون کے منافی یا میرٹ
پر نہ ہو۔
مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیز نے کہا ہے کہ جمہوریت کے خلاف ہونے والی
سازش کو پست ہوتے دیکھ رہے ہیں ۔عدالت نے کہا ہے کہ پیش کیے گئے کاغذات
قابل سماعت نہیں ہیں۔