راولپنڈی، مشرقی سرحد پرخطرات کے مؤثرجواب کیلئے ہر دم تیار ہیں، آرمی چیف
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ دفاع وطن کیلئے کسی قسم کی
قربانی سے دریغ نہیں کریں گے جبکہ اندرونی چیلنجز کے باوجود پاک فوج مشرقی
سرحد پر خطرات کے مؤثرجواب کیلئے ہر دم تیار ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر
جاوید باجوہ نے سیاچن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے گیاری میں یادگار شہدا پر
پھول چڑھائے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف کے اسکردو پہنچنے پر کور
کمانڈر راولپنڈی جنرل ندیم رضا نے ان کا استقبال کیا، آرمی چیف نے گلگت
بلتستان کے مقامی عمائدین سے بھی ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گوما اور گلگت میں فوجی جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہماری آزادی شہدا کی مرہون منت ہے، فوج گلگت
بلتستان کے حقوق یقینی بنانے کی تمام کوششوں کی بھرپورحمایت کررہی ہے جبکہ
دشوار گزار راستوں اور موسم کی مشکلات کے باجودعرض پاک کا دفاع کریں گے۔
پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ہم سب کو پاکستان کا سپاہی ہونے پر فخر
ہے، مادر وطن کے دفاع میں زندگی قربان کردینے سے بڑھ کر مقدس کوئی فریضہ
نہیں ہم وطن کے دفاع کیلئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ اندرونی چیلنجز کے باوجود پاک فوج مشرقی
سرحد پرخطرات کے مؤثرجواب کیلئے ہر دم تیار ہے، ہمارے جوان موسم کی مشکلات
کے باوجود ملک کا دفاع کررہے ہیں۔