لاہور، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت اعلی سطح کا اجلاس
لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت اعلی سطح کا اجلاس
ہوا۔اجلاس میں صوبے میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کئے جانے والے
اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ڈیفنس کے علاقے میں ہونے والے دھماکے کے واقعہ کی
ابتدائی رپورٹ پیش کی گئی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کا کہنا تھا کہ واقعہ کی ہر
پہلو سے تحقیقات کر کے جامع رپورٹ پیش کی جائے۔عوام کے جان و مال کے تحفظ
کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھایا جائے۔ڈیفنس میں انتہائی افسوسناک واقعہ پیش
آیا ہے جس میں قیمتی انسانی جانوں کا نقصان ہوا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کا کہنا تھا کہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں
سیکورٹی انتظامات کوفول پروف بنایا جائے۔ کومبنگ آپریشن کو مزید تیز کیا
جائے۔ سماج دشمن عناصر کی بیخ کنی کیلئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہ کیا جائے۔
زخمی ہونے والے افراد کو علاج معالجہ کی بہترین سہولتوں کی فراہمی یقینی
بنائی جائے۔
صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ ، لیفٹیننٹ کرنل(ر) سردار محمد ایوب، جہانگیر
خانزادہ ، چیف سیکرٹری ، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹری داخلہ اور متعلقہ
حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔