کراچی، 4 سالہ بچہ دم توڑ گیا، 20 لاکھ روپے معاوضے کی یقین دہانی کے بعد احتجاج ختم
کراچی میں دل اور جگر کی بیماری میں مبتلا چار سالہ بچہ دم توڑ گیا۔
لواحقین نے میت رکھ کر پریس کلب کے باہر احتجاج کیا۔ بچے کے والدین نے
کمشنر کراچی کی جانب سے 20 لاکھ روپے معاوضے کی یقین دہانی کے بعد احتجاج
ختم کر دیا اور میت لے کر بدین روانہ ہو گئے۔
قومی ادارہ صحت برائے اطفال کراچی میں دل اور جگر کی بیماری میں مبتلا 4
سال کا دیدار جاں بحق ہو گیا۔ والدین نے کراچی پریس کلب کے باہر میت رکھ کر
احتجاج کیا۔ بچے کے والدین مسلسل 6 ماہ بچے کے علاج کیلئے در در کی
ٹھوکریں کھاتے رہے لیکن طفل تسلیوں وعدوں اور زبانی جمع خرچ کے علاوہ کچھ
نا ملا۔
بچے کے والد نے الزام عائد کیا کہ وزیر صحت سندھ سکندر میندرو نے علاج کی
یقین دہانی کرائی لیکن وہ اپنا وعدہ پورا نہ کر سکے۔ رات بھر احتجاج کے بعد
بچے کے والد کو کمشنر ہاؤس طلب کیا گیا جہاں کمشنر کراچی نے 20 لاکھ روپے
معاوضے کی یقین دہانی کرائی۔ والدین نے اس یقین دہانی کے بعد احتجاج ختم کر
دیا اور میت بدین لے کر روانہ ہو گئے۔