لاہور، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی کی ملاقات
لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ
جنرل صادق علی نے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران پیشہ ورانہ امور، سکیورٹی
معاملات اور آپریشن ردالفساد کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع
پروزیراعلیٰ شہبازشریف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج کی عظیم
قربانیوں کو خراج تحسین بھی پیش کیا ۔
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے پولیس افسروں اور جوانوں اور زندگی کے
مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی لازوال قربانیوں کو بھی خراج
عقیدت پیش کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بہادر مسلح
افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جرات کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔پاک افواج
اندرونی اور بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے مزید کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے
خلاف جنگ میں بے مثال کامیابیاں سمیٹی ہیں۔آپریشن ردالفساد سے وطن عزیز سے
دہشت گردی اور انتہاپسندی کے ناسور کا مکمل خاتمہ ہوگا۔