اسلام آباد ، وزیر اعظم نواز شر یف کا اقتصادی تعاون تنظیم کاتیرہواں سربراہ اجلاس سے خطاب
وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ای سی او کے خطے کو اقتصادی اور
تجارتی سرگرمیوں کا مرکز بنانے کا وقت آگیا ہے۔ باہمی تعاون کو فروغ دے کر
ہم ترقی و خوشحالی کے مشترکہ اہداف حاصل کر سکتے ہیں۔
اقتصادی تعاون تنظیم کے تیرہویں سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم
نے کہا کہ بے پناہ وسائل اور صلاحیتوں سے مالا مال ای سی او کا خطہ ماضی
میں ثقافت ، تجارت اور معاشی لحاظ سے انتہائی اہمیت کا حامل رہا ہے۔ ہمیں
تجارت ، ٹرانسپورٹ اور رابطوں کو مربوط بنا کر خطے کو مضبوط معاشی
مرکزبنانا ہے۔
محمد نواز شریف نے کہا کہ ہم پرامن ہمسائیگی کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔
خطے میں امن و استحکام سے ہی اقتصادی اہداف کا حصول ممکن ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بیس کروڑ افراد اور ابھرتی ہوئی مڈل کلاس کی بدولت
پاکستان ایک بڑی منڈی ہے۔ بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں جاری بڑے منصوبوں کی
تکمیل سے پاکستان مشرق وسطی ، افریقہ اور یورپ کی منڈیوں کیلئے سستا ، آسان
اور تیز رفتار رسائی کا ذریعہ ہو گا۔
وزیراعظم محمد نواز شریف نے سربراہ اجلاس میں شرکت پر شرکاء کا شکریہ ادا
کیا اور کہا کہ ای سی او کا ویڑن دو ہزار پچیس اقتصادی چیلنجز سے نمٹنے اور
خطے کو معاشی سرگرمیوں کا مرکز بنانے کے عزم کا مظہر ہے۔