Mar 02, 2017 05:30 pm
views : 863
Location : PM Secreteriat
Islamabad- PM Nawaz Sharif Chairs Cabinet meeting
اسلام آباد ، وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس
وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی
کابینہ نے فاٹا اصلاحات کے لیے قانونی اور آئینی ترامیم کی سفارشات منظور
کرلیں جس کے بعد فاٹا خیبر پختونخوا کا حصہ بن جائے گا، کابینہ اجلاس میں
اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ فاٹا کی ترقی پورے
ملک اور قوم کی ذمہ داری ہے، فاٹا، گلگت بلتستان اور آزادکشمیر کے لوگوں کو
ان کا حق ملنا چاہیے جب کہ فاٹا کے لوگوں کے لیے وسائل فراہمی کی ذمہ داری
وفاق کی تمام اکائیوں کی ہے اور تمام صوبوں کو اس میں اپنا کردار ادا کرنا
چاہیے۔
انہوں نے کہاکہ ملک کے تمام حصوں کے ملکی وسائل پر برابر کے حقوق ہیں لہذا
پیچھے رہ جانے والے علاقوں اور عوام پر خاص توجہ دینی چاہیے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ہر پاکستانی کا ہے، قومی یکجہتی کے لئے ضروری
ہے پاکستانیت کے جذبہ کو فروغ دیا جائے، ہر پاکستانی کو آگے بڑھنے کا یکساں
موقع دیا جائے۔
نواز شر یف نے مزید کہا کہ پسماندہ علاقوں کو قومی دھارے میں لانا صرف
اسلام آباد میں رہنے والوں کی ذمہ داری نہیں۔ فاٹا، گلگت بلتستان اور
آزادکشمیر کو قومی دھارے میں لانے کے مخالفین صوبائیت کو فروغ دے رہے ہیں
تاہم کسی بھی تمیز کے بغیر ہر پاکستانی کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع دیے
جائیں۔