لاہور، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت رات گئے اعلیٰ سطح کا اجلاس
لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت قربان لائنز میں
اینٹی گریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر میں رات گئے اعلیٰ سطح کا اجلاس
ہوا۔اجلاس میں پی ایس ایل کے فائنل میچ کے سکیورٹی پلان اور دیگر انتظامات
کا جائز ہ لیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا پاکستان سپر لیگ کے
فائنل میچ کیلئے شاندار انتظامات کئے گئے ہیں۔شائقین کرکٹ کی سہولت کیلئے
تمام متعلقہ ادارے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔انسانی بس میں ممکن ہر ضروری
اقدام کیا جائے جس سے میچ دیکھنے کیلئے آنے والوں کو سہولت ملے۔
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا فول پروف سکیورٹی کے ساتھ فائنل میچ
کے دیگر تمام انتظامات بھی بہترین ہوں گے۔جتنا بڑا ایونٹ ہے، اتنے ہی
شاندار انتظامات کئے گئے ہیں۔خیبرپختونخوا، بلوچستان، سندھ، آزاد کشمیر اور
گلگت بلتستان کے 200 طلبا و طالبات کو میچ دیکھنے کی دعوت دی گئی ہے۔یہ
200 طلبا و طالبات پنجاب حکومت کے خصوصی مہمان کے طور پر میچ دیکھیں گے۔
انہوں نے مزید کہا دانش سکولز کے 25 طلبا و طالبات اور 25 پیف سکالرز کو
بھی میچ دیکھنے کیلئے مدعو کیا گیا ہے۔یہ صرف لاہور کا نہیں، پاکستان کا
ایونٹ ہے جسے ہر صورت کامیاب بنانا ہے۔فائنل میچ کو یادگار بنانے کیلئے وضع
کردہ سکیورٹی پلان اور دیگر انتظامات کی باقاعدہ نگرانی جاری رکھی
جائے۔میچ کی ڈیوٹی پر مامور پولیس اور دیگر محکموں کے اہلکاروں کو بہترین
کھانا ملنا چاہیئے۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور کمشنر لاہور ڈویژن نے سکیورٹی پلان اور دیگر
انتظامات کے بارے میں وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کوبریفنگ دی۔
صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ، رانا مشہود احمد، ایوب گادھی، چیف سیکرٹری،
انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، کمشنر لاہور ڈویژن اور
اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔