اسلام آباد ، پاکستان پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام آل پارٹیز کانفرنس
فوجی عدالتوں کے قیام سے متعلق پیپلز پارٹی کی آل پارٹیز کانفرنس اسلام
آباد میں جاری ہے۔پاکستان مسلم لیگ(ن)،پاکستان تحریک انصاف اور ایم کیو ایم
پاکستان کے علاوہ دیگر سیاسی جماعتوں کے نمائندے شریک ہیں۔
زرداری ہاؤس اسلام آباد میں جاری اے پی سی کی صدارت پیپلز پارٹی کے چیئرمین
بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف زرداری کررہے ہیں۔ اے پی سی میں
اپوزیشن لیڈرسید خورشید شاہ، سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن، مسلم
لیگ(ق) کے چودھری شجاعت حسین، سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان، جماعت
اسلامی کے امیر سراج الحق کے علاوہ دیگر جماعتوں کے قائدین شریک ہیں۔
پیپلزپارٹی کی نمائندگی نیئر بخاری، شیری رحمن، نوید قمر اور فرحت اللہ
بابر کررہے ہیں جبکہ اے این پی کے میاں افتخار، حاجی بلور، افراسیاب خٹک
اور زاہد خان بھی کانفرنس میں شریک ہیں۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید
، نیشنل پارٹی کے رہنما اور وفاقی وزیر میر حاصل خان بزنجو، قومی وطن
پارٹی کے آفتاب شیرپاؤ، فاٹا کے پارلیمانی رہنما حاجی شاہ جی گل، مجلس وحدت
المسلمین کے علامہ ناصر عباس اور تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کا وفد بھی
کانفرنس میں شریک ہے۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے حکمران جماعت مسلم لیگ(ن )کو شرکت کی دعوت نہیں دی
گئی تھی جبکہ پاکستان تحریک انصاف نے معذرت کرلی تھی تاہم ابھی تک ایم کیو
ایم پاکستان کی جانب سے کوئی رہنما کانفرنس میں شرکت کیلئے نہیں پہنچا۔
آل پارٹیز کانفرنس میں چار نکاتی ایجنڈے پر غور و خوض کیا جارہا ہے جس میں
نیشنل ایکشن پلان پر دو سال کے دوران عمل درآمد اور نتائج،فوجی عدالتوں کی
بحالی اور حدود و قیود کا تعین، فاٹا اصلاحات، اور پنجاب میں پختونوں کی
پروفائلنگ کے مضمرات شامل ہیں۔
کانفرنس کے شرکاء کو آصف زرداری کی جانب سے ظہرانہ بھی دیا جائے گا۔ کانفرنس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ جاری ہوگا۔