کلر کہار، عقاب فورس کے دوسرے اسپیشل ایڈوانس ٹریننگ کورس کی کامیاب تکمیل پر بیج ایوارڈ تقریب کا انعقاد
پی اے ایف بیس کلر کہار میں عقاب فورس کے دوسرے ا سپیشل ایڈوانس ٹریننگ
کورس کی کامیاب تکمیل پر بیج ایوارڈ تقریب منعقد ہوئی۔ پاک فضائیہ کے
سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
اس کورس میں 204افراد نے ٹریننگ حاصل کی مہمان خصوصی نے اس موقع پرشرکاء
میں بیجز اور اعلیٰ کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے والوں میں ٹرافیاں تقسیم کیں۔
سینئر ائیر کرافٹ مین محمد اویس کو فائرنگ میں بہترین کارکردگی کی ٹرافی
جبکہ فلائنگ آفیسررؤف اقبال کو کورس میں مجموعی بہترین کارکردگی کی ٹرافی
سے نوازا گیا۔
پاک فضائیہ کے سربراہ نے اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے کہاکہ " عصرِ حاضر میں
جنگی حکمت عملی تبدیل ہو چکی ہے اور اب دشمن حملے کے لئے وقت اور جگہ کا
انتخاب کرتا ہے اور اس طرح کے کورسز ہمیں دشمن کے ناپاک ارادوں سے نمٹنے کی
بہترین تربیت فراہم کرتے ہیں۔ ائیر چیف نے سیکیورٹی پرسنیل کی تربیت پر
اطمینان کا اظہار کیا اور دہشگردوں کے ساتھ لڑنے کے انکے جذبے کو سراہا۔
ائیر چیف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جب کبھی ایسے حالات کا سامنا ہوا تو
پاک فضائیہ کے سیکیورٹی اہلکار ملک کے دوسرے قانون نافذ کرنے والے اداروں
کے ساتھ ملکر اپنا کردار ادا کریں گے۔"
زیرِ تربیت شرکاء نے مسلح لڑائی اوراپنی بہترین نشانہ بازی کا مظاہرہ کرتے
ہوئے درستگی کے ساتھ اپنے اہداف کو نشانہ بنایا۔شرکاء نے پہاڑی سے رسی کی
مدد سے اترتے ہوئے فائرنگ کی اوراپنے اہداف کو تباہ کیا۔اس کے علاوہ عقاب
فورس نے دہشت گردوں کے حملے ناکام بناتے ہوئے دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانوں
پر حملہ کر کے انہیں تباہ کرنے کا مظاہرہ بھی کیا۔
اس موقع پر پاک فضائیہ کی سکائی ڈائیونگ ٹیم ’’شہپر‘‘ نے فری فال کا مظاہرہ
کیا اور 15ہزار فٹ کی بلندی سے چھلانگ لگائی اور پیرا شوٹ کی مدد سے اپنی
مقرر کردہ جگہ پر اترے۔