لاہور،سٹہ لگانے والوں نے بڑی بڑی عمارتیں کھڑی کردیں، شہبازشریف
وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے نجی اسکول میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے
ہوئے کہا ملک میں ایسے لوگ بھی ہیں جو سٹہ لگا کر اربوں پتی بن جاتے ہیں
اور بڑی بڑی عمارتیں کھڑی کردیتے ہیں اور ایسے لوگ بھی ہیں جو فجر کی کی
نماز پڑھ کر حق حلال روزی کی تلاش میں نکل جاتے ہیں ، لیکن ان لوگوں کو دن
بھر محنت کے باوجود دو وقت کی روٹی بھی میسر نہیں ہوتی ۔ ایسے لوگ کہاں سے
بیماری کے لیے دوا لائیں گے ،بیٹی کی پڑھائی کے لیے کتابیں کہاں سے لائیں
گے،وہ یہ سب ذمے داریاں پوری نہیں کرسکتے۔ لیکن یہ ہی ذمے داری ہے حکومت کی
کہ وہ ایسے لوگوں کی مدد کرے،کیوں کہ پاکستان ایک اسلامی اور فلاحی ریاست
ہے اور اسی کی بنیاد پر اس کاقیام وجو د میں آیا۔
وزیراعلیٰ شہباز شریف نے طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا آج جو معاشرہ ہمیں
ملا ہے اس میں ترقی کرنا کسی چیلنج سے کم نہیں۔میں اپنی قوم کی بیٹیوں اور
ان کے والدین سے کہتا ہوں کہ اب ان لوگوں نے آگے بڑھنا ہے اور اس جمود کو
توڑنا ہے جو ہماری ترقی میں رکاوٹ بنا ہوا ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا تمام شعبوں میں قوم کی بیٹیوں نے قوم کے بیٹوں کو
پیچھے چھوڑ دیا ہے ، یہ آپ کی خداد صلاحیتیں ہیں جن کی بدولت آج آپ معاشرے
کا اہم حصہ بن چکے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے طالبات کے ساتھ تصاویربھی بنوائیں ۔