لاہور، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس
لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس
ہوا۔اجلاس میں کڈنی سنٹر ملتان کے بعض اہم امور اور چلڈرن ہسپتال ملتان کی
نئی عمارت کو مکمل طورپر فنکشنل کرنے کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا
گیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہاکڈنی سنٹرملتان میں کی
گئی اربوں روپے کی سرمایہ کاری کے ثمرات ہر صورت مریضوں تک پہنچنے چاہئیں۔
مجھے صرف نتائج چاہئیں۔ دکھی انسانیت کی خدمت کے جذبے کے ساتھ کام کرنا ہو
گا۔کڈنی سنٹر ملتان میں اربوں روپے غریب قوم کے لگے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا اس ہسپتال میں جدید مشینری نصب ہے
جس سے پوری طرح استفادہ نہ کرنا ایک انتہائی افسوسناک امر ہے۔معیاری علاج
معالجہ مریضوں کا حق ہے۔ میں علاج معالجے کی سہولتوں کی فراہمی تک چین سے
نہیں بیٹھوں گا۔ ہسپتالوں میں مفت ادویات کی دستیابی کے بارے میں شکایات کا
بار بار سامنے آنا کسی طرح بھی قبول نہیں۔۔
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا چلڈرن ہسپتال ملتان کی نئی عمارت
کو جلد فنکشنل کرنے کے لئے ماہرین پر مشتمل ٹیم خود ملتان جا کر جائزہ لے۔
ماہرین پر مشتمل ٹیم چلڈرن ہسپتال کی نئی عمارت کو جلد سے جلد فعال بنانے
کے لئے اپنی سفارشات پیش کرے۔میں اللہ تعال کے ساتھ صوبے کے عوام کو بھی
جوابدہ ہوں۔
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے مزید کہااربوں روپے کی سرمایہ کاری کو نا اہلی ، غفلت یا کوتاہی کی بھینٹ نہیں چڑھنے دوں گا۔
چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری صحت ، سیکرٹری تعمیرات
و مواصلات ، انڈس ہیلتھ ٹرسٹ کے میاں احسن اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں
شرکت کی۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ، کمشنر و ڈپٹی
کمشنر ملتان اور دیگر متعلقہ حکام نے کمشنر آفس ملتان سے ویڈیولنک کے ذریعے
اجلاس میں شرکت کی۔