کوئٹہ ، پشتون طلباء پر تشدد کھلی دہشت گردی ہے، زمرک خان اچکزئی
کوئٹہ میں بلوچستان کی مختلف سیاسی جماعتوں ،عوامی نیشنل پارٹی،بلوچستان
نیشنل پارٹی مینگل،جمعیت علماء اسلام اور ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنماؤں
نے مشترکہ پر یس کانفرنس کرتے ہوئے پنجاب یونیورسٹی میں پشتون کلچر ڈے کی
مناسبت سے تقریب میں ہنگامہ آرائی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ
پشتون طلباء پر تشدد کھلی دہشت گردی ہے ۔
عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماء و بلوچستان اسمبلی کے ڈپٹی اپوزیشن لیڈر
انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا کہ کلچر ڈے کی مناسبت سے تقریب میں ہونے
والی ہنگامہ آرائی سے ہمارے 10سے زائد طلباء زخمی ہوئے جبکہ پولیس کی جانب
سے حملہ آوروں کی بجائے پشتون طلباء پر شیلنگ سے درجن طلباء کی حالت غیر ہو
گئی۔
جمعیت علماء اسلام ف کے رکن قومی اسمبلی مولانا امیر زمان نے کہا کہ اگر
پنجاب حکومت نے ملوث طلباء کے خلاف کارروائی نہ کی تو انہیں بھی اس دہشت
گردی میں ملوث تصورکیا جائیگا، بلوچستان سے تعلق رکھنے والوں کے ساتھ ہونے
والی غنڈہ گردی اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ وفاق بلوچستان کو پسماندہ رکھنا
چاہتا ہے ۔
پر یس کانفرنس کے دوران سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے بلوچستان حکومت سے
مطالبہ کیا کہ وہ فی الفور اس سنگین دہشت گردی کے معاملے پر وفاق سے بات
کرے اگرواقعہ میں ملوث عناصر کو گرفتار کر کے یونیورسٹی سے فارغ نہیں کیا
گیا تو مشترکہ ایکشن کمیٹی احتجاج کا راستہ اختیار کرے گی۔