کراچی،یوم پا کستان کے موقع پر گورنر سندھ محمد زبیر کی مزار قائد پر حاضری،فاتحہ خوانی
یوم پاکستان کے موقع پر کراچی میں گورنرسند ھ محمد زبیر اور صوبائی وزیر
صنعت وتجارت منظور وسان،صوبائی کابینہ کے ارکان اور اعلیٰ حکام نے قائد
اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی۔ انہوں نے مزار پر پھول
چڑھائے،فاتحہ خوانی کی اور برصغیر کے عظیم قائد کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔اس
موقع پر مزار پر رکھی گئی کتاب میں تاثرات بھی درج کئے۔
کراچی میں یوم پاکستان کاآغاز 21 توپوں کی سلامی سےہوا، مساجد میں ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئےگورنرسند ھ محمد زبیر نے کہاقائد اعظم
محمد علی جناح کی عظیم قیادت میں تمام تر سازشوں کے باوجود مسلمانوں کے لئے
ایک علیحدہ وطن حاصل کیا۔پاکستان لا زوال قربانیوں اور جدوجہد کے بعد حاصل
ہوا۔آج کا دن ہمیں پاکستان کے لئے عملی جدوجہد کے آغاز کی یاد دلاتا ہے۔
گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ملک کے موجودہ حالات ہم سے بھرپور قومی یکجہتی
اور اتحاد کا تقاضہ کررہے ہیں۔ آج کے دن ہمیں ملکی استحکام ، اتحاد و
اتفاق اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کا عزم کرنا چاہئے۔ہمیں ذاتی مفادات کو
بالائے طاق رکھتے ہوئے ملک کے استحکام و ترقی کو فوقیت دیتے ہوئے آگے
بڑھناہوگا۔
گورنر سندھ محمد زبیر نے مزیدکہا بابائے قوم کے ایک مضبوط، مستحکم اور
خوشحال پاکستان کے خواب کو عملی جامہ پہنانے کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا۔