لورالائی، ایف سی کی وردی میں غازیوں اور شہیدوں کا خون شامل ہے ،چوہدری نثار
وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار نے لورالائی میں ایف سی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے
خطاب کرتے ہوئے کہا خوشی صرف ان جوانوں کے لیے نہیں جوآج یہاں سے باقاعدہ
اپنی زندگی شروع کرنے جارہے ہیں بلکہ ان کے پورے خاندان ،والدین اور رشتے
داروں کے لیے بھی ہے،آج کے بعد آپ لوگ جو کچھ کریں گے اس کا اثر بہت سے
لوگوں پر پڑے گااور سب سے بڑا اثر بلوچستان کی سرزمین پر پڑے گااور اس ملک
پر پڑے گااور اس کے عزت اور وقار پر پڑے گا۔
جوانوں سے مخاطب ہوتے ہوئے چوہدری نثار کا کہنا تھا آ ج ایک بہت بڑی ذمے
داری آپ کے کندھوں پر آن پڑی ہے۔یہ عام روایتی وردی نہیں جو آپ نے پہنی ہے
اس میں بہت سے غازیوں اور شہیدوں کا خون شامل ہے۔اس وردی اوراس کی شان اور
مرتبے کا خیال رکھنااب آپ کی ذمے داری ہے۔کچھ لوگ بلوچستان کا امن خراب
کرنا چاہتے ہیں اور آپ نے ان کو نیست ونابود کرنا ہے۔جوانوں کی قربانیوں سے
بلوچستان میں امن آیا ہے۔دشمن نہیں چاہتا کہ ہمارے بچے پڑھیں۔