ہمیں ماضی کی غلطیوں اور تلخیوں کو بھلا کر آگے بڑھناہے، وزیراعلیٰ پنجاب
وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے ماڈل ٹاؤن میں بلوچستان کے کیڈٹ کالج مستونگ
کے طلبہ اور اساتذہ کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان ہم سب کا ہے
اورہمیں ملکر خارجی چیلنجز کا مقابلہ کرتے ہوئے اسے مضبوط،ترقی یافتہ اور
خوشحال ملک بناناہے،بد قسمتی سے ملک کی 70سالہ تاریخ کے سفر میں بعض عناصر
کی لالچ ،حرص اور ذاتی مفادات پرقومی مفادات کو قربان کرنے کے رویوں سے
نقصان ہوا۔اب ہمیں ماضی کی غلطیوں او رتلخیوں کو بھلا کر آگے بڑھناہے اور
ملک کی تعمیر وترقی میں اپنا بھرپورکردار ادا کرناہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا سیاستدان پاکستان کے 20کروڑ عوام کی خوشیوں، ملک کی
ترقی وخوشحالی اور قومی وحدت کے ایجنڈے پر اکٹھے ہوجائیں،سیاسی لڑائیاں تو
ہوتی رہیں گی اور الیکشن ہوں گے تو کوئی جیتے گا اور کوئی ہارے گا لیکن
ترقی اور خوشحالی کے اس سفر کے سنہری موقع کو خراب نہ ہونے دیں،ورنہ آنے
والی نسلیں معاف نہیں کریں گی کیونکہ قومی مفاد سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں
ہونی چاہیے،ہماری ماضی کی تاریخ اتنی خوشگوار نہیں ،ماضی میں تلخیاں موجود
رہیں تاہم یہ قیادت کا کمال ہوتاہے کہ وہ مذکرات اور مثبت اقدامات کے ذریعے
ان مسائل کاحل ڈھونڈے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کیڈٹس کو لیپ ٹاپ دیتے ہوئے اس عزم کا بھی اعادہ کیاکہ
پنجاب حکومت بلوچستان کے طلبا وطالبات کے لئے پہلے کی طرح آئندہ بھی ہر طرح
کا تعاون جاری رکھے گی۔