شیخوپورہ،شالیمار ایکسپریس اور آئل ٹینکر میں تصادم، 3 افراد جاں بحق اور متعدد افرادزخمی
لاہور سے کراچی جانے والی مسافر ٹرین شیخوپورہ کے قریب آئل ٹینکر سے ٹکرا
گئی جس سے ٹرین کی بوگیوں میں آگ لگ گئی اور اس کے نتیجے میں ٹرین ڈرائیور
سمیت 3 افراد جاں بحق جب کہ متعدد مسافر زخمی ہوگئے۔
واقع کے مطابق لاہور سے کراچی جانے والی مسافر ٹرین شالیمار ایکسپریس
شیخوپورہ میں ریلوے پھاٹک پر آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی جس سے آگ بھڑک اٹھی
اور اس نے دیکھتے ہی دیکھتے ٹرین کی بوگیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد ریسکیو 1122 اور فائربریگیڈ کی متعدد گاڑیاں
جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کردیں، حادثے
کے نتیجے میں ٹرین کی 5 بوگیوں میں شدید آگ لگی جس سے 3 بوگیاں مکمل طور
پر جل گئیں جب کہ آگ نے ارد گرد کے کچھ علاقے کو بھی اپنی لپیٹ میں لے
لیا، فائر بریگیڈ کی 8 گاڑیوں نے مسلسل کوششوں کے بعد 2 گھنٹے سے زائد وقت
میں آگ پر قابو پالیا۔
ریسکیو اہلکاروں نے مسافروں کو ٹرین سے باہر نکالا جن میں زخمی ہونے والوں
کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا۔ شیخوپورہ انتظامیہ نے حادثے کے بعد
اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی اور ڈاکٹروں و پیرا میڈیکل اسٹاف کو ڈیوٹی
پر طلب کرلیا گیا۔