لاہور، مارچ 2018 میں ملک سے بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم ہو جائے گی ،عابد شیر علی
پانی اور بجلی کے وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا ہے کہ ماضی کی حکومتوں
والے ڈاکو تھے، مارچ 2018 میں ملک سے بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم ہو جائے گی۔
لاہور واپڈا ہاؤس میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت عابد شیر علی
کا کہنا تھا کہ ماضی کی حکومتوں والے ڈاکو تھے کوئی کام نہیں کیا، مولابخش
چانڈیو کراچی کے کچرے سے باہرنکلیں، لائن لاسز اور بجلی چوری والے علاقوں
میں لوڈشیڈنگ ہوگی، گزشتہ سال کی نسبت اس بار لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم ہوگا۔
وزیر مملکت نے کہا کہ سرکلر ڈیٹ اس وقت 320 ارب روپے ہے، جس میں گزشتہ کئی
ماہ سے کوئی اضافہ نہیں ہوا، کوئی بھی پاورجنریشن کمپنی عدم ادائیگی کے
باعث بند نہیں ہوئی، جو سرکاری ادارہ واجبات ادا نہیں کرے گا اس کی بجلی
کاٹ دی جائے گی، قوم کو آنے والے دنوں میں سستی بجلی دی جائے گی۔
عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ فورٹ منرو کے علاقے میں بجلی چوروں کے خلاف
ایکشن لیا تو انہوں نے گرڈ اسٹیشن پر قبضہ کرلیا، کے پی کے میں اس وقت 378
فیڈرز پر زیرو لوڈشیڈنگ ہے۔
وزیر مملکت برائےپانی اور بجلی عابد شیر علی نے کہا کہ بجلی چوری میں ملوث
ملازمین کے خلاف بھی سخت کاروائی کی گئی، 69 سالوں میں جتنی بجلی پیدا کی
گئی، ن لیگ کے دور میں اس سے زیادہ بجلی پیدا ہوئی، لائن لاسز 17 فیصد اور
ریکوری 93 فیصد پر لے آئے ہیں۔