Mar 28, 2017 08:19 pm
views : 789
Location : Prime Minister House
Islamabad- PM Nawaz Sharif meets Chinese Delegation
اسلام آباد، حکومت نے پہلے دن سے معیشت کی بحالی پر توجہ دی، وزیراعظم نواز شر یف
وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ حکومت نے پہلے دن سے معیشت کی بحالی،
توانائی بحران کے حل، سلامتی کی صورتحال میں بہتری اور سرمایہ کاروں کو
مواقع کی فراہمی پر توجہ دی۔گزشتہ چار سال میں ہماری کوششوں کے باعث
پاکستان کا اقتصادی منظر نامہ یکسر تبدیل ہو چکاہے جس کا اعتراف عالمی سطح
پر کیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم نواز شر یف نے اسلام آباد میں چائنہ ایرو سپیس سائنس اینڈ
انڈسٹری کارپوریشن کے بورڈ کے چیئرمین گاؤ ہونگ وی اور چائنہ پری سشن
مشینری امپورٹ ایکسپورٹ کارپوریشن کے بورڈ کے چیئرمین چاؤ ژیاؤلانگ سے وزیر
اعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔
وزیراعظم نے اسلام آباد میں چائنہ ایرو سپیس سائنس اینڈ انڈسٹری کارپوریشن
کے بورڈ کے چیئرمین گاؤ ہونگ وی اور چائنہ پری سشن مشینری امپورٹ ایکسپورٹ
کارپوریشن کے بورڈ کے چیئرمین چاؤ ژیاؤلانگ سےکہا کہ پاکستان اور چین
کاتعاون نہ صرف دونوں ملکوں بلکہ پورے خطے کیلئے خوشحالی کا باعث بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے۔سی
پیک اور اقتصادی تعاون دونوں ملکوں کی دوستی کی عمدہ مثال ہے۔انہوں نے کہا
کہ محل وقوع کے باعث پاکستان ایشیا کو تجارتی ، توانائی اور ٹرانسپورٹ کی
راہداری فراہم کرتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسی کاروبار کیلئے
سازگار ماحول فراہم کرتی ہے تاکہ غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ ملے ۔ انہوں
نے کہا کہ پاکستان تسلسل کے ساتھ لبرلائزیشن ، ڈی ریگولیشن،
پرائیویٹائزیشن اور سرمایہ کاروں کو سہولتیں فراہم کرنے کی پالیسی پر عمل
پیرا ہے ۔
وزیراعظم نے چینی کارپوریشنز کےسربراہوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے
سازگار ماحول سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی اور کہا کہ پاکستان سے منافع لے
جانے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔
چینی کارپوریشنز کے سربراہوں گاؤ ہونگ وی اور چاؤ ژیاؤلانگ نے پاکستان کے
ساتھ کاروباری تعلقات بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کی کمپنیاں
متعلقہ حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔