کراچی ، رئیر ایڈمرل اطہر مختار نے بحیثیت کمانڈر کراچی ذمہ داریاں سنبھال لیں
رئیر ایڈمرل اطہر مختار نے بحیثیت کمانڈر کراچی اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی
ہیں۔ تبدیلی کمانڈ کی پروقار تقریب آج پی این ایس بہادر میں منعقد ہوئی جس
کے دوران رئیر ایڈمرل فرخ احمد نے ذمہ داریاں نو منتخب کمانڈر کراچی کو
سونپی۔ نئی کمانڈ سنبھالنے کے بعد وہ اب کراچی میں قائم پاک بحریہ کے تمام
تربیتی یونٹس کے سربراہ ہوں گے۔
رئیر ایڈمرل اطہر مختار نے مئی 1984ء میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں
کمیشن حاصل کیا۔ وہ ایک شاندار کیرئیر کے حامل ہیں جس کے دوران انہوں نے
مختلف کمانڈ اینڈاسٹاف عہدوں پر کام کیا۔ دوران ملازمت وہ بحیثیت کمانڈنگ
آفیسرپی این ایس معاون اور نویں آگزیلری اینڈ مائن وارفیئر اسکواڈرن تعینات
رہے۔ ان کی اہم اسٹاف تعیناتیوں میں کمانڈنٹ پی این ایس بہادر، اسسٹنٹ چیف
آف نیول اسٹاف (ٹریننگ)، کمانڈر نارتھ ، ڈائریکٹر جنرل پاکستان میری ٹائم
سیکیورٹی ایجنسی اور نیول ہیڈکوارٹرز میں ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (ایڈمن)
شامل ہیں۔ نئی ذمہ داریاں سنبھالنے سے قبل رئیر ایڈمرل اطہر مختار نیول ہیڈ
کوارٹرز اسلام آباد میں ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (ٹریننگ اینڈ اویلیوایشن)
کے فرائض انجام دے رہے تھے۔
رئیر ایڈمرل اطہر مختار پی این وار کالج لاہور اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی
اسلام آباد کے گریجویٹ ہیں۔ ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں انہیں ہلا ل
امتیاز (ملٹری) سے بھی سرفراز کیا جاچکا ہے۔
تبدیلی کمانڈ کی تقریب میں نو منتخب کمانڈر کراچی کو گارڈ آف آنر پیش کیا
گیا۔ بعد ازیں انہیں کمکار کمانڈ کے ماتحت یونٹس کے کمانڈنگ افسروں سے
متعارف کروایا گیا۔ تقریب میں پاک بحریہ کے افسروں اور جوانوں کی بڑی تعداد
نے شرکت کی۔