اسلام آباد، پاکستان گلوبل وارمنگ سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے،عمران خان
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید
باجوہ سے ملاقات پر تبصرہ کیا اور کہا کہ خوش خبری یہ ہے کہ وہ پاکستان کی
جمہوریت کے ساتھ کھڑے ہیں۔
اسلام آباد کے نجی ہوٹل میں تقریب سے خطاب میں عمران خان نے 83فیصد مقاصد
میں کامیابی کا دعویٰ کیا ،ان کا کہناتھاکہ بلین ٹری منصوبے کے تحت 80
کروڑ درخت لگا چکے ، رواں سال ایک ارب اور لگا لیں گے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے مزید کہا کہ پاکستان گلوبل وارمنگ سے سب سے زیادہ
متاثر ہو رہا ہے،ہمارے اس منصوبے کو عالمی سطح بھی پذیرائی ملی ہے۔
خیبر پختونخوا میں بلین ٹری منصوبے سے متعلق عمران خان نے کہا کہ گلوبل
وارمنگ سے پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہے، ہم ٹمبر مافیا سے خوفزدہ نہیں
بلکہ ان کا مقابلہ کریں گے، ہم نے 22 ارب روپے کی 60 ہزار کنال زمین ٹمبر
مافیا سے واپس لی ہے، بلین ٹری منصوبے کے تحت صوبے بھر میں اب تک 80 کروڑ
درخت لگائے جاچکے ہیں ، انشاءاللہ جلد بلین ٹری منصوبہ مکمل ہوجائے گا، جو
دوسرے صوبوں کے لیے مثال ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بلین ٹری منصوبے کا آڈٹ عالمی ادارے ورلڈ وائلڈ فاؤنڈیشن
نے کیا ہے جس میں ہماری کامیابی کا تناسب 83 فیصد بتایا گیا ہے.