لاہور، چار ہزار ہارس پاور کے جدید مال بردار انجن باضابطہ طورپر ریلوے کے بیڑے میں شامل
وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے لاہور میں چار ہزار ہارس پاور کے جدید مال
بردار انجنوں کو باضابطہ طورپر ریلوے کے بیڑے میں شامل کرنے اور ان کی
کمرشل سروس کاباضابطہ افتتاح کردیا۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئےخواجہ سعد رفیق کا کہنا تھاکہ پاکستان
ریلوے نے امریکہ سے مجموعی طورپر 55 انجن خریدے ہیں جن میں سے 14 انجن
پاکستان پہنچ گئے ہیں جبکہ باقی ماندہ انجن رواں سال جولائی تک مل جائیں
گے۔انہوں نے کہا کہ ان جدید انجنوں کی خریداری پاکستان کے ویژن 2025
پروگرام کے تحت کی گئی ہے تاکہ مال برداری کیلئے ریلوے کا حصہ بڑھایا
جاسکے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ 55 انجنوں میں سے 22 کو ساہیوال بجلی گھر کے لئے
کوئلے کی منتقلی کے استعمال کیا جائے گا جبکہ باقی انجن مال بردار گاڑیوں
کیلئے استعمال ہوں گے۔
خواجہ سعد رفیق نے پیپلز پارٹی کو سندھ میں ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کرپشن
پر آصف زرداری کی جماعت کو تو بات ہی نہیں کرنی چاہیئے، آصف زرداری آئینہ
کیوں نہیں دیکھتے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا ریلوے میں لوٹ مار ختم کر دی گئی
ہے، سی پیک مکمل ہونے سے پہلے ریلوے سگنلز کا نظام بہتر بنائیں گے۔ وزیر
ریلوے نے شیخوپورہ حادثے میں جاں بحق دونوں ڈرائیور کے ورثا کیلئے مراعات
کا اعلان بھی کیا۔