اسلام آباد،اپریل ختم ہونے سے قبل بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں کمی آجائے گی،خواجہ آصف
وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ اپریل ختم ہونے سے
قبل بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں کمی آجائے گی، آج بارہ بجے آئی پی پیز 8ہزار
میگاواٹ بجلی پیدا کررہی تھی،رواں ماہ بجلی کی طلب 17 ہزار میگاواٹ ہے جبکہ
گذشتہ سال اپریل میں بجلی کی طلب 15 ہزار میگاواٹ تھی، خواجہ آصف نے بتایا
کہ ہماری اپنی کمپنیاں 2836 میگاواٹ بجلی پیدا کررہی ہیں جبکہ 2016ء سے اب
تک ایک ہزار میگاواٹ بجلی کا اضافہ ہوا ہے پن بجلی کی پیدوار 2 ہزار
میگاواٹ کے قریب تھی لیکن پن بجلی کی پیداواراب 1 ہزار میگاواٹ کے لگ بھگ
رہ گئی ہے،4 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں آنے سے اضافی لوڈشیڈنگ ختم ہوجائے
گی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ 20
اپریل تک پانی سے اضافی 1500 میگاواٹ بجلی آئے گی جس کے بعد اپریل کے ختم
ہونے سے پہلے ہی لوڈ شیڈنگ میں کمی آجائے گی۔ شہروں میں لوڈشیڈنگ 3 سے 4
دیہات میں 5 گھنٹے تک ہوگی، آئی پی پیزنے ادائیگیاں نہ ہونے پر بجلی بنانا
روک دی ہے،ہم نے آئی پی پیز کے صرف 92 ارب روپے دینے ہیں جبکہ آئی پی پیز
کے ساتھ 69 ارب روپے کا معاملہ عدالت میں ہے۔
خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ ملک بھر میں درجہ حرارت گذشتہ سال کی نسبت
بڑھ گیا ہے، گذشتہ کچھ عرصے میں بجلی کی چوری میں کمی اور ریکوری میں بہتری
آئی ہے، بجلی چوری والے علاقوں سے تو ہم نے ٹرانسفارمر بھی اتارے
ہیں،انہوں نے مزید کہا کہ بجلی چوری کسی ایک جگہ نہیں بلکہ تمام صوبوں میں
ہوتی ہے، جہاں بجلی چوری ہوتی ہے ان علاقہ جات میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ جاری
رہے گی۔