لاہور مردم شماری ٹیم پر حملہ،4فوجیوں سمیت5 افراد جاں بحق
بیدیاں روڈ پر مردم شماری ٹیم پر خود کش حملے میں پاک فوج کے 4 جوانوں سمیت 5 افراد شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔
لاہور کے علاقے بیدیاں روڈ پر خود کش دھماکے سے کم از کم 5 افراد جاں بحق
جب کہ 18 زخمی ہوئے ہیں، مردم شماری ٹیم کے اہلکار جن میں پاک فوج کے جوان
اور محکمہ تعلیم کے اساتذہ شامل تھے اپنی ڈیوٹی سرانجام دینے کے لئے نکلنے
لگے تو ایک خود کش بمبار نے خود کو ان کی گاڑی کے قریب دھماکے سے اڑا لیا۔
دھماکے میں پاک فوج کے 4 جوانوں سمیت 5اہلکار شہید ہوئے، شہید ہونے والے دو
اہلکاروں کا تعلق سندھ رجمنٹ ، ایک کاتعلق 10 ویں ایل این سے تھا اور ان
میں سے 3 کی اہلکاروں کی شناخت ریاض، ساجد اور عبداللہ کے ناموں سے ہوئی
ہے۔ دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور تخریب
کاروں کے سہولت کاروں کی گرفتاری کے لئے علاقے میں سرچ آپریشن شروع
کردیاہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں کو جنرل اسپتال اور سی ایم ایچ منتقل کیا گیا
ہے جب کہ طبی ذرائع کا کہنا ہے کہ 4 افراد کی حالت تشویشناک ہے تاہم
زخمیوں کو مکمل طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ایم ایس جنرل اسپتال کا
کہنا ہے کہ 3 لاشیں اور 11 زخمیوں کو اسپتال لایا گیا جن میں سے 3 کی حالت
تشویشناک ہے۔