کراچی،گلشن غازی میں مٹی کا تودہ گرنے سے پانچ افراد جاں بحق
کراچی کے علاقے گلشن غازی میں مکان پر پہاڑی تودہ گرنے سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے ہیں۔
پہاڑی تودہ رات کے وقت ضمیر نامی شخص کے مکان پر گرا جس کے نتیجے میں مکان
مالک ضمیر، بیٹی اقرا اور بیٹا عبداللہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک
خاتون اور ایک بچہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج دم توڑ گئے۔
مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت لاشوں اور زخمیوں کو ملبے سے نکال کر
سول اسپتال منتقل کیا، زخمیوں کی شناخت 7 سالہ یسرا، 10 سالہ مسکان اور 13
سالہ روماکے نام سے ہوئی ہےجنہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین یوسی 33گلشن غازی
محمد وقار کا کہنا تھا کہ واقعہ سیوریج کے ناقص نظام کی وجہ سے پیش آیا
سیوریج کا پانی جانے کی وجہ سے پتھر نے اپنی جگہ چھوڑ دی تھی ،متاثرہ گھر
میں مدرسہ قائم تھا اور اگر صبح یا دوپہر کے اوقات میں اس قسم کا واقعہ
رونما ہو جاتا تو اموات کی تعداد بڑھ سکتی تھی ، اگر پہاڑی تودہ مزید سرکا
تو 10 سے 12 دیگر مکانات بھی اس کی زد میں آ سکتے ہیں لہذا فوری طور پر
بھاری مشینری کے ذریعےتودے کو ہٹانے کا کام شروع کیا جائے،چیئر مین نے شکوہ
کیا کہ واقعہ کے باوجود کوئی بھی حکومتی شخصیت موقع پر نہیں پہنچی جبکہ
دفتروں میں بھی انکی کوئی شنوائی نہیں ہوتی۔