اسلام آباد،کراچی میں امن کا سہرا نواز شریف کے سر سجتا ہے راحیل شریف عام جرنیل تھے،گورنر سندھ
گورنر سندھ کا کہنا ہے کہ میڈیا کراچی میں حالت کی بہتری کا کریڈٹ جنرل(ر)
راحیل شریف کو دیتا ہے جیسے انہوں نے علامہ اقبال کی طرح کراچی میں امن کا
خواب دیکھا ہوجبکہ جنرل راحیل شریف باقی جرنیلوں کی طرح ایک جنرل تھے ، وہ
بھی ایک عام انسان تھے، ان کو زیادہ بڑا نہ بنایا جائے، کراچی میں تبدیلی
نواز شریف کے آنے سے آئی، جب تک ضروری ہوا رینجرز کراچی میں رہے گی۔
ٓاسلام آباد میں تاجروں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ کا کہنا تھا
کہ نائن زیرو پر تالے لگے ہیں اور کوئی بھی ان تالوں کو کھلوانے کا مطالبہ
نہیں کر رہا، بانی ایم کیو ایم اب تاریخ کا حصہ ہیں، ایم کیو ایم لندن کا
نام لینے والابھی کوئی نہیں ہے۔
گورنر سندھ محمد زبیر عمر کا کہنا تھا کہ سب پاناما کے فیصلے کے منتظر ہیں،
فیصلہ جلد آجانا چاہیے، فیصلے میں تاخیر کی وجہ سے اسٹاک ایکسچینج بھی
متاثر ہو رہی ہے۔
کراچی کے حوا لے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی میں دنیا بدل
چکی ہے، تمام سیاسی جماعتیں مل کر بھی کراچی کو اب بند نہیں کر سکتیں۔
انہوں نے کہا کہ بانی ایم کیو ایم نے 2004ء میں دلی کی جو بات کی تھی، وہ
2013ء سے زیادہ خطرناک ہے۔ دلی میں خطاب کا ایک علامتی پہلو ہے، جس میں
انہوں نے پر معافی بھی مانگی تھی، بانی ایم کیو ایم اس وقت جنرل پرویز مشرف
کے اتحادی تھے۔