کراچی ، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے 14ویں مائی کراچی نمائش کا افتتاح کردیا
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے 14ویں مائی کراچی نمائش کا افتتاح
کردیا،ان کا کہنا ہے کہ یہ نمائش کراچی کا اصل چہرہ ہے، لوگوں کو سمجھ
آگیا ہے کہ کراچی ترقی کرے گا تو ملک آگے بڑھے گا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیر اعلیٰ سندھ نے کراچی کا سنہرا دور واپس
لانے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ کراچی میں کیا مسائل ہیں مجھے اچھی
طرح علم ہے ۔ ایسی بنیاد رکھ کر جاؤں گا کہ آنے والا بھی اسی رفتار سے
ترقیاتی کام کرے گا۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ سرمایہ کار کراچی کا رخ کررہے ہیں،یہاں کے مسائل
کے حل کے لئے تیزی سے کام کررہے ہیں، شہر کے پانی کے منصوبے کو آئندہ سال
جون تک مکمل کرلیں گے، ماس ٹرانسپورٹ کے کام میں تاخیر ہوئی ہے لیکن کام
تیز کرنے کی کوشش کروں گا۔
اس سے پہلے صدر کراچی چیمبر شمیم فرپو نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا ۔ انہوں
نے وزیر اعلیٰ سندھ سے دوہرے ٹیکس کی شکایت کی تو وزیر اعلیٰ نے جواب میں
کہا کہ دوہرے ٹیکس کا مسئلہ سندھ حکومت کی جانب سے نہیں ہے، خدمات پر سیلز
ٹیکس صوبائی اختیار ہے، اس سلسلے میں تاجروں کا تعاون چاہئے۔
وزیر اعلیٰ نےکہا کہ مشترکہ مفادات کونسل کا تین ماہ سے اجلاس نہیں ہوا
جبکہ گیس پر انفراسٹرکچر پالیسی بنا کر مشترکہ کونسل میں لے کرجائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نوے کی دہائی کی سیاست میں نہیں جاناچاہتے۔انتظامی
معاملات پر وفاق اورسندھ کی صوبائی قیادت میں اختلافات بڑھ گئے ہیں۔