راولپنڈ ی ، دہشت گرد اور ان کے ساتھی جہاں بھی ہوں گے ان کا خاتمہ کیا جائے گا ،میجر جنرل آصف غفور
پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ کالعدم تنظیم جماعت
الحرار کے کمانڈر احسان اللہ احسان نے خود کو سیکیورٹی فورسز کے حوالے
کردیا ہے۔
راولپنڈی میں میڈیا بریفنگ کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ماضی کے
آپریشن بڑے علاقوں کو کلیئر کرنے کے لئے کئے گئے تھے، سیکیورٹی اداروں
اورعوام کی مدد سے تمام آپریشن کامیاب ہوئے، علاقے کلیئر کرنے کے بعد
آپریشن ردالفساد کا آغاز کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ آپریشن رد الفساد قوم کی
حیثیت سے فساد کو رد کرنے کا عہد ہے، جسے ضرب عضب کی کامیابیوں کو مستحکم
کرنے کے لیے شروع کیا گیا، ملک کو فساد سے پاک کرنے کے لیے ہم سب پرعزم
ہیں، ہمیں ملک کے اندر اور سرحد پار دہشت گردوں کا خاتمہ کرنا ہے، دہشت گرد
اور ان کے ساتھی جہاں بھی ہوں گے ان کا خاتمہ کیا جائے گا۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ کوئی قوت ریاست کا مقابلہ نہیں کر سکتی، آپریشن
ردالفساد ایک ادارے کا کام نہیں، ہر پاکستانی ردالفساد کا سپاہی ہے، آپریشن
رد الفساد کے تحت 15 بڑے آپریشنز کیے گئے اور تمام کامیاب رہے۔
میجر جنرل آصف غفور نے کہاآپریشنز کے دوران ملک بھر سے 4 ہزار 510 مشتبہ
افراد کو گرفتار کیا گیا جب کہ 4 ہزار 83 غیر قانونی ہتھیار برآمد کیے گئے۔
اس دوران ایک ہزار 859 غیر رجسٹرڈ افغان باشندوں کو بھی گرفتار کیا گیا،
فاٹا اور خیبر پختونخوا میں 8 جب کہ بلوچستان میں 4 بڑے آپریشنز کیے گئے۔
ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے مزید کہا پنجاب میں 2 بڑے آپریشنز
میں سیکڑوں مشتبہ افراد گرفتار کیے گئے۔اس کے علاوہ جماعت الحرار کے کمانڈر
احسان اللہ احسان نے خود کو سیکیورٹی فورسز کے حوالے کردیا ہے۔