لاہور،وزیر صحت نے شاہدرہ ٹیچنگ ہسپتال میں 5کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے لانڈری پلانٹ کے افتتاح کردیا
وزیرصحت پنجاب خواجہ عمران نذیر نے کہاہے کہ گورنمنٹ شاہدرہ ٹیچنگ ہسپتال
میں اس وقت 200 بستر ہیں جبکہ منصوبے کے دوسرے مرحلہ میں مزید 100 بستر کا
اضافہ کیا جائے گاجبکہ مزیدہیومن ریسورس لانے کے لئے ڈاکٹرز اور نرسنگ
ہوسٹلز کے منصوبوں پر جنگی بنیادوں پر کام کیا جائے گا۔
گورنمنٹ شاہدرہ ٹیچنگ ہسپتال میں 5کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے
لانڈری پلانٹ کے افتتاح کے موقع پرخواجہ عمران نذیر نے کہاکہ لاکھوں مریض
سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجہ کی سہولیات سے استفادہ کرتے اور صحت یاب
ہو کر جاتے ہیں لیکن صرف منفی واقعات کو ہی پیش کیا جاتا ہے، نظام کو بہتر
بنانے کے لئے ہمیں اپنے اپنے حصے کا کام کرنے اور اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے
کے کلچر کو فروغ دینا چاہیے، خواجہ عمران نذیر نے کہاکہ آ ج گورنمنٹ
شاہدرہ ہسپتال کے آؤٹ ڈور میں روزانہ 3 ہزار مریض آ رہے ہیں۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر شاہد فاروق نے بتایا کہ ہسپتال میں ڈائیلسز یونٹ
میں 24 ڈائیلسز مشینیں کام کر رہی ہیں اور 2016ء کے دوران 10ہزار ڈائیلسز
کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ شاہدرہ ٹیچنگ ہسپتال علاقے کے عوام کو
علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کر رہا ہے، خواجہ عمران نذیر نے اس
موقع پر کہا کہ ہمیں اپنے ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر سٹاف کی حوصلہ افزائی اور
تعریف بھی کرنا چاہیے۔
اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری ہیلتھ حسان ریاض، وائس چانسلر فاطمہ جناح
میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر فخر امام، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر شاہد
فاروق،ایم ایس میوہسپتال ڈاکٹر طاہر خلیل، سابق ایم ایس شاہدرہ ٹیچنگ
ہسپتال ڈاکٹر پرویز امتیاز،ایم ایس سر گنگا رام ہسپتال ڈاکٹر سہیل رانا،
انجمن بہبود مریضاں کے ارکان، ڈاکٹرز، نرسز کے علاوہ معززین علاقہ کی کثیر
تعداد بھی موجود تھی۔