کراچی ، گورنر سندھ محمد زبیر کی پی این ایس قاسم آمد ،یوم بحریہ کی تقریب میں شرکت
کراچی میں گورنر سندھ محمد زبیر نے پی این ایس قاسم میں یوم بحریہ کی تقریب
میں شرکت کی۔تقریب میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکاء اللہ ،کمانڈر کراچی
ریئر ایڈمرل اطہر مختار اور بحریہ کے دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود
تھے جبکہ میئر کراچی وسیم اختر نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
اس موقع پرپاک بحریہ کے جہازوں پی این ایس شمشیر ،پی این ایس طارق،اور دیگر
نے گورنر سندھ کو سلامی پیش کی۔ پاک بحریہ کے اسپیشل کمانڈوز نے انسداد
دہشت گردی اور یرغمالی افراد کو آذاد کرانے کا عملی مظاہرہ بھی کیا ۔
تقریب میں پاک بحریہ کے فضائی بیڑے نے شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا
جبکہ ہیلی کاپٹرز نے انتہائی نیچی پرواز کر کے حاضرین کو محظوظ کیا۔نیوی
کمانڈوز نے جہازوں سے سمندر میں اپنے ہدف پر چھلانگ لگانے کا مظاہرہ کیا۔
ترجمان گورنر ہاؤس کے مطابق گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا پاک بحری کے
جوانوں اور افسران کی مہارت کا عملی مظاہرہ دیکھ کر بہت متاثر ہوا ہوں۔پاک
بحریہ کی پروفیشنل مہارت اور شاندار روایات پر پوری قوم کو فخر ہے۔سمندری
حدود کی نگہبان پاکستان نیوی ،دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہے۔
گورنر سندھ محمد زبیر نے کہاپاک نیوی ہر قسم کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے
کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔پاک بحریہ وطن عزیز کی سمندری حدود کی نگہبان
اور ان کی حفاظت کی ضامن ہے۔جنگ ستمبر کے دوران پاک بحریہ نے اپنے سے تین
گنا بڑی بحری طاقت کو منہ توڑ جواب دیا۔دوراکا کا معرکہ ہماری بحریہ کا
قابل فخر کارنامہ ہے۔
گورنر سندھ محمد زبیر نے مزید کہااپنے جنگی ہیروز کو یاد رکھنا قابل تحسین
امر ہے۔پاکستان کی بحری افواج جدید آلات حرب کے ساتھ ساتھ ہر جذبہ ایمانی
سے بھی سرشار ہیں۔پاک نیوی کے باعث آج ہماری سمندری سرحدیں مکمل محفوظ
ہیں۔بحریہ کے باعث ملک کی سمندری حدود میں اسمگلنگ اور غیر قانونی ماہی
گیری کی روک تھام میں مدد مل رہی ہے۔