لاہور،انٹرنیشنل کرکٹ کا بحال ہونا خوش آئند بات ہے،شعیب ملک
قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شعیب ملک کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ورلڈ الیون
کا آنا بہت اچھا اقدام ہے اس سے ملک میں عالمی کرکٹ کی بحالی کی راہیں
کھلیں گی،میچ جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے ،اپنے ملک میں کھلنے کی خوشی کو
الفاظ میں بیان نہیں کر سکتا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز
آل راؤنڈر شعیب ملک کا کہنا تھا کہ ورلڈ الیون میں آنے والے تمام کھلاڑی
دنیا میں کھیلتے ہیں اور اپنے ممالک کی نمائندگی کرتے ہیںِکرکٹ بورڈ کی
جانب سے آزادی کپ کا انعقاد بہترین اقدام ہے پاکستان میں دنیا کے بہترین
کھلاڑی آئیں گے اور اس اقدام سے ملک میں عالمی کرکٹ کی راہیں کھلیں گی۔
شعیب ملک نے کہا کہ ورلڈ الیون سے بہت اچھا مقابلہ ہوگا تاہم بحیثیت سینئر
کھلاڑی بہت زیادہ دباؤ بھی ہوتا ہے لیکن ہم نے بھرپور تیاری کررکھی ہے اور
دیگر کھلاڑیوں کو بھی اپنے تجربے کی روشنی میں بیٹنگ سے متعلق ٹپس دی ہیں۔
اس سے قبل ورلڈ الیون کے خلاف سیریز کی تیاریوں کے سلسلے میں ہونے والے
پریکٹس میچ میں عماد الیون نے سرفراز الیون کو شکست دی، عماد الیون نے پہلے
بیٹنگ کرتے ہوئے 150 رنز بنائے تاہم ہدف کے تعاقب میں سرفراز الیون 143
رنز تک ہی محدود رہی، سرفرازالیون کی جانب سے شعیب ملک نے 77، کپتان سرفراز
احمد نے 25 اور اظہر علی نے 21 رنز بنائے، عماد الیون کی جانب سے فہیم
اشرف نے 2، عماد وسیم، رومان رئیس اور سہیل خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔