لاہور، اگلے سال سے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ سرگرمیاں بڑھنے والی ہیں، نجم سیٹھی
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ اگلے سال سے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ سرگرمیاں بڑھنے والی ہیں۔
لاہور کے مقامی ہوٹل میں آئی سی سی ڈائریکٹر جائلز کلارک کے ہمراہ نیوز
کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ
پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہورہی ہے، اگلے سال سے ملک میں کرکٹ کی
سرگرمیاں بڑھنے والی ہیں، ورلڈ الیون سیریز کے لیے جنوبی افریقہ کے 5
کھلاڑی پاکستان آئے ہیں، اب ان کی ٹیم کو یہاں لانے میں زیادہ محنت نہیں
کرنا پڑے گی، نیوزی لینڈ کو دورہ پاکستان کیلئےقائل کرنے کی پوری کوشش کریں
گے، ورلڈ الیون کے دورے سے دنیا کو اچھا پیغام جائے گا اور صرف پی سی بی
ہی نہیں بلکہ پاکستان کا امیج بلند ہوگا۔
نجم سیٹھی نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کی کھڑکی سب سے پہلے زمبابوے نے
کھولی، پی ایس ایل فائنل سے بھی عالمی کرکٹ کو واپس لانے میں مدد ملی، آج
پاکستان کی عوام کےلیے خوش آئند دن ہے، ورلڈ الیون نہ آتی تو نہ جانے
پاکستان میں کرکٹ کی واپسی میں کتنے سال لگ جاتے۔